روشنی کے جو طلب گار ہوئے ہم دونوں

Tahir Azeem (b. 1978)

روشنی کے جو طلب گار ہوئے ہم دونوں

ایک سورج کے خریدار ہوئے ہم دونوں

جو مسیحا کی طرح ہم سے ملا تھا اک دن

اسی بیمار کے بیمار ہوئے ہم دونوں

اس کہانی کا تو لکھنا کبھی ممکن نہ ہوا

جس کہانی کے بھی کردار ہوئے ہم دونوں

چاند ہو تم تو کوئی ایک ستارہ میں ہوں

شام ہوتے ہی نمودار ہوئے ہم دونوں

پھول وہ اور کسی نام کے آئے تھے عظیمؔ

جن کی خوشبو میں گرفتار ہوئے ہم دونوں