ان اندھیروں سے لے کے جاؤں گا

Tahir Azeem (b. 1978)

ان اندھیروں سے لے کے جاؤں گا

میں تجھے روشنی دکھاؤں گا

ہاتھ میں لوں گا کاسۂ خورشید

چاندنی رات بھی سجاؤں گا

تو جو دیوار میں سمٹ آئی

دل بھی دیوار سے لگاؤں گا

وہ جو مشکل سے یاد کرتا ہے

اس کو مشکل میں یاد آؤں گا

صرف مانوں گا اپنے دل کی بات

کوئی وعدہ نہیں نبھاؤں گا

ہاتھ رکھوں گا تیرے ہاتھوں پر

ایسی تصویر اک بناؤں گا

تیری محفل میں آؤں گا لیکن

کچھ سنوں گا نہ میں سناؤں گا