حیرت مآب ہوں کہ یہ کیا دیکھتا ہوں میں

Yahya Khan Yusuf Zai (b. 1981)

حیرت مآب ہوں کہ یہ کیا دیکھتا ہوں میں

اے صاحب جمال ترا آئنہ ہوں میں

رنگ طلسم عالم تصویر ہے حیات

اور اس نگار خانے میں گم ہو چکا ہوں میں

آنکھوں میں اک چراغ تمنا لیے ہوئے

تاریکیوں کے شہر میں کیا ڈھونڈھتا ہوں میں

آتش مزاج تھا وہ سو اب خاک ہو چکا

میں خاکسار تھا سو نمو پا رہا ہوں میں

فکر رسا میں عمر مری صرف ہو گئی

اب سوچنے لگا ہوں بہت سوچتا ہوں میں