فلک پہ چاند ستارے کچھ اور کہتے ہیں

Yahya Khan Yusuf Zai (b. 1981)

فلک پہ چاند ستارے کچھ اور کہتے ہیں

مگر زمیں کے نظارے کچھ اور کہتے ہیں

تری حبیب ادائیں کچھ اور کہتی ہیں

عدو کو تیرے اشارے کچھ اور کہتے ہیں

ادھر عروج پہ پہنچی ہے گرمئ بازار

ادھر ہمارے خسارے کچھ اور کہتے ہیں

جہاں پہ تم نے محبت سے ہاتھ رکھا تھا

وہیں پہ زخم ہمارے کچھ اور کہتے ہیں

وہ کہہ رہے ہیں کہ دونوں طرف ہے خوشحالی

ندی کے دونوں کنارے کچھ اور کہتے ہیں