پہلے بے یار و مددگار کیا جاتا ہے

Yahya Khan Yusuf Zai (b. 1981)

پہلے بے یار و مددگار کیا جاتا ہے

پھر ہمیں حاشیہ بردار کیا جاتا ہے

جانے کیا بوڑھے درختوں پہ گزرتی ہوگی

جب پرندوں کو گرفتار کیا جاتا ہے

جب بھی آتا ہے انہیں اپنی خدائی کا خیال

ہم غریبوں کو گنہ گار کیا جاتا ہے

لوگ خوابوں کے عوض نیند چرا لیتے ہیں

سونے والوں کو خبردار کیا جاتا ہے

جب بھی ہم لوگ فراست کی سعی کرتے ہیں

پھر سے ایک آدھ چمتکار کیا جاتا ہے