ہمیں جیسے بنا پتوار دریا پار کرتے ہیں

Charan Singh Bashar (b. 1957)

ہمیں جیسے بنا پتوار دریا پار کرتے ہیں

وہ کیا موجوں سے ٹکرائیں گے جو پانی سے ڈرتے ہیں

انہیں کو اے وطن کیوں حاشیے پہ رکھا جاتا ہے

تری صورت میں جو خون جگر سے رنگ بھرتے ہیں

اگر زندہ ہی رہنا ہے تو رہئے اپنی شرطوں پر

کہ خودداری سے خالی لوگ سو سو بار مرتے ہیں

غنیمت ہے بچا رکھا ہے ہم نے رنگ و خوشبو کو

کہ ہم وہ پھول ہیں جو روز شعلوں سے گزرتے ہیں

بشرؔ سچ بولنے والوں کو کوئی کیا ڈرائے گا

جو ڈرتے ہیں خدا سے وہ کہاں دنیا سے ڈرتے ہیں