میں اندھیرا ایک شب کا ترا شمع سا زمانہ

Charan Singh Bashar (b. 1957)

میں اندھیرا ایک شب کا ترا شمع سا زمانہ

بھلا کیسے ہوگا ممکن کوئی مل کے گھر بسانا

ابھی آگ سے لپٹنے کا ہنر ہے مجھ میں زندہ

ابھی گردش زمانہ مرے سامنے نہ آنا

جہاں بے ضمیر اندھیروں نے کیا ہے خیر مقدم

اسی راہ پر چراغوں کو جلا کے چھوڑ جانا

مرا دل ہے مضطرب سا ترا دل ہے مطمئن سا

نہ ترا یہاں ٹھکانا نہ مرا یہاں ٹھکانا

میں سفر پہ لوٹ جانے کا ارادہ جب کروں ہوں

کوئی اے بشرؔ کہے ہے مرے شہر سے نہ جانا