کون دل کا درد پہچانے کسے آواز دیں

Charan Singh Bashar (b. 1957)

کون دل کا درد پہچانے کسے آواز دیں

سوچتے رہتے ہیں دیوانے کسے آواز دیں

اک طرف اندھوں کی بستی اک طرف پتھر کے لوگ

دیکھیے اب آئنہ خانے کسے آواز دیں

دور تک امید کی کوئی کرن باقی نہیں

ہو چکے اپنے بھی بیگانے کسے آواز دیں

آتے آتے میری گردن تک تو خنجر آ گیا

اب مرے قاتل خدا جانے کسے آواز دیں

ریشمی زلفوں کا سایہ تو مقدر میں نہیں

دھوپ میں جلتے ہوئے شانے کسے آواز دیں

کوئی بستی میں بشر جیسا نظر آتا نہیں

سخت الجھن میں ہیں ویرانے کسے آواز دیں