کسی گم کردۂ منزل نے ہی پہرے پہ رکھی ہے
Charan Singh Bashar (b. 1957)کسی گم کردۂ منزل نے ہی پہرے پہ رکھی ہے
وہ اک زندہ لہو کی بوند جو کانٹے پہ رکھی ہے
جو قاتل ہیں وہ سب محفوظ ہیں اپنے ٹھکانوں میں
مگر اک بے سہارا لاش چوراہے پہ رکھی ہے
مرے زخموں کو مرہم کی تمنا تم سے کیا ہوگی
کہ تم نے پیار کی بنیاد ہی بدلے میں رکھی ہے
گھروں کی آگ ہم سے بجھ نہیں سکتی مگر خوش ہیں
کہ ہم نے ساری ذمہ داری ہمسائے پہ رکھی ہے