دل کی بستی میں برستا ہے وہ بادل کون ہے

Faheem Jogapuri

دل کی بستی میں برستا ہے وہ بادل کون ہے

کر رہا ہے جو مری آنکھوں کو جل تھل کون ہے

چاند سورج کہکشاں کی پوچھتا ہے خیریت

سب کے گھر میں جھانکنے والا یہ پاگل کون ہے

کون ہے وہ جس کی خوشبو سے مہکتی ہے حیات

گھولنے والا مری سانسوں میں صندل کون ہے

دھوپ بارش آندھیوں میں سائباں ہوتا ہے کون

پھول کو دیتا ہے جو ممتا کا آنچل کون ہے

رات کے بستر بھگو جاتا ہے شبنم کی طرح

دھونے والا نیند کی آنکھوں سے کاجل کون ہے

شبنمی ہے گفتگو اس کی تو لہجہ ہے گلاب

پنکھڑی سا نرم اتنا اور کومل کون ہے

دل کے ویرانے میں چپکے سے چلا آتا ہے کون

غم کی بستی میں مچاتا ہے جو ہلچل کون ہے

رہ گئی ہے کچھ کمی تو کیا شکایت ہے فہیمؔ

اس جہاں میں سب ادھورے ہیں مکمل کون ہے