ہم رند خرابات کو اچھا نہ برا یاد
Parmod Lal Yaktaہم رند خرابات کو اچھا نہ برا یاد
ساقی کا کہا یاد نہ واعظ کا کہا یاد
پھر چھیڑ گئی باد صبا شاخ سمن کو
پھر آ گئی ان کی کوئی مخصوص ادا یاد
جب پہلا قدم جادۂ منزل پہ رکھا تھا
وہ عزم سفر یاد ہے وہ لغزش پا یاد
اے ذوق طلب آ کے مری راہ بری کر
ہے کس کا تجسس مجھے یہ بھی نہ رہا یاد
یہ کفر محبت ہے کہ ایمان محبت
کرتا ہوں تمہیں یاد تو آتا ہے خدا یاد