زندگی کی راہوں میں تم ہو جلوہ گر تنہا
Parmod Lal Yaktaزندگی کی راہوں میں تم ہو جلوہ گر تنہا
ظلمتیں ہیں ہر جانب شمع رہ گزر تنہا
شمع کی طرح ہم نے جل کے تا سحر تنہا
زیست کے اندھیروں میں طے کیا سفر تنہا
دن گزار دیتا ہوں ہنس کے بزم رنداں میں
زندگی پہ روتا ہوں شب کو جاگ کر تنہا
ساتھ سب نبھاتے ہیں راہ میں مسرت کی
طے سبھی کو کرنی ہے غم کی رہ گزر تنہا
کس قدر پریشاں ہیں اہل عشق دنیا میں
مجھ پہ رشک کرتے ہیں مجھ کو دیکھ کر تنہا
راز عشق دنیا میں کب کسی نے سمجھا ہے
ایک تم نہیں یکتاؔ اس سے بے خبر تنہا