دنیائے حسن و عشق کا الٹا حساب ہے
Parmod Lal Yaktaدنیائے حسن و عشق کا الٹا حساب ہے
نا کامیاب ہے جو یہاں کامیاب ہے
اہل وفا پہ روز ازل سے عتاب ہے
دنیا خراب ہے نہ زمانہ خراب ہے
روئے حسیں پہ ان کے جلال و جمال کی
اک اور ہے نقاب جو زیر نقاب ہے
اتنی بھی دور رہنے کی کوشش نہ کیجئے
اس اجتناب کا تو محبت جواب ہے
جس کے ورق ورق پہ ہے تفسیر کائنات
یہ زندگی اک ایسی مکمل کتاب ہے
اب دل میں یاد ماضیٔ مرحوم بھی نہیں
کتنا حسیں فریب نیا انقلاب ہے
یکتاؔ غزل میں جذبۂ بیدار چاہئے
انسان کا ضمیر ابھی محو خواب ہے