کس نے کی بات ابھی کون شناسا نکلا
Ehtisham ul Haq Siddiquiکس نے کی بات ابھی کون شناسا نکلا
یاد آیا تو مرا اپنا ہی چہرہ نکلا
گرمیٔ زیست نہیں آج مقدر میں مرے
آج سورج بھی جو نکلا تو ادھورا نکلا
لوٹ جانے میں لگیں گے مجھے برسوں شاید
یہ سمندر تو مری سوچ سے گہرا نکلا
جسم تو لے گیا وہ رات میں چوری کر کے
صبح بستر سے مرے جسم کا خاکہ نکلا
زحمت نطق سے یوں بچ گئے دونوں آخر
میں ہی گونگا نہ تھا وہ شخص بھی بہرا نکلا