کسی کے آنکھ دکھانے سے کچھ نہیں ہوگا
Tabish Raihan (b. 1986)کسی کے آنکھ دکھانے سے کچھ نہیں ہوگا
ہم اہل حق ہیں ڈرانے سے کچھ نہیں ہوگا
بنے گی بات جبھی ہم بھی ایک ہو جائیں
کہ صرف شور مچانے سے کچھ نہیں ہوگا
میں آفتاب ہوں سن لو دیا نہیں کوئی
ہواؤ زور لگانے سے کچھ نہیں ہوگا
تمہیں گناہ کی اپنے سزا ملے گی ضرور
تمہارے گنگا نہانے سے کچھ نہیں ہوگا
عمل بھی شرط ہے اتنا ضرور یاد رہے
فقط دعائیں کرانے سے کچھ نہیں ہوگا
اٹھو مقابلہ حالات کا کرو تابشؔ
کہ بیٹھے اشک بہانے سے کچھ نہیں ہوگا