پیڑ احساس کا جذبات کا پھل دیتا ہے

Saadullah Khan Asar Malkapur (b. 1933)

پیڑ احساس کا جذبات کا پھل دیتا ہے

یہ شجر آج کا حاصل ہمیں کل دیتا ہے

حوصلہ کہتے ہیں اک راہ عمل دیتا ہے

حوصلہ مند تو تقدیر بدل دیتا ہے

سب کی یکساں ہی گزر جائے کہاں ہے ممکن

وہ تو نادان ہے جو مونچھ پہ بل دیتا ہے

سانپ فطرت میں فقط سانپ ہوا کرتا ہے

دودھ پی لیتا ہے اور زہر اگل دیتا ہے

اے اثرؔ کہتی ہے دنیا جسے انساں کا ضمیر

فیصلہ جب بھی یہ دیتا ہے اٹل دیتا ہے