دے تسلی مرے خدا کوئی
Umood Abrar Ahmad (b. 1999)دے تسلی مرے خدا کوئی
حال دل کی نہیں دوا کوئی
حالت رنج میں ہوا معلوم
کیسے کرتا ہے التجا کوئی
تم سے جڑتی ہیں دل کی دیواریں
آؤ کر دیں مکاں کھڑا کوئی
کیا یہی عشق ہے محبت ہے
مجھ کو ملتا نہیں سرا کوئی
تجھ سے نسبت عجیب نسبت ہے
مجھ کو اپنا نہیں پتا کوئی
وہ بھی ہونے لگا جدا مجھ سے
جس کو اپنا نہیں ملا کوئی
سب ہی حالات کے ہیں مارے ہوئے
مشکلوں سے نہیں بچا کوئی