شرمیلے ہیں دولہے راجا یہ معلوم نہ وہ معلوم

Pagal Adilabadi (1941–2007)

شرمیلے ہیں دولہے راجا یہ معلوم نہ وہ معلوم

کرتے ہیں دولہن سے پردہ یہ معلوم نہ وہ معلوم

دولہا خود بھی لوٹ رہا ہے مصری بادام اور کھجور

سسرے کو بھی مارے دھکا یہ معلوم نہ وہ معلوم

سائنس کے پیپر میں لونڈا انگلش کے نقالاں لے آیا

پڑھ کر آیا اوندھا چتا یہ معلوم نہ وہ معلوم

کلکتے کو جانا تھا تو گاڑی پکڑا بمبئی کی

پوچھ رہا ہے چاند کا رستہ یہ معلوم نہ وہ معلوم

جب بھی دیکھو نہانا دھونا ان کا رہتا ہے چالو

سنڈے منڈے جمعہ ہفتہ یہ معلوم نہ وہ معلوم

فلمی دنیا کے بارے میں سب کچھ معلوم ہے لیکن

کون تھے اپنے نانا دادا یہ معلوم نہ وہ معلوم

سنتا ہے کامنٹری ہیرو ریڈیو رکھ کر کانوں پر

بالنگ بیٹنگ چوا چھکا یہ معلوم نہ وہ معلوم

گنجوں کی جان مشکل میں ہے وضو کریں تو کیسے کریں

سر کا بارڈر منہ کا حصہ یہ معلوم نہ وہ معلوم

سگریٹ منہ میں الٹی رکھ کر فلٹر کو سلگاتا ہے

پاگلؔ تو ہے پورا پگلا یہ معلوم نہ وہ معلوم