کسی سے اتنی محبت بھی یار ٹھیک نہیں
Yachana Phansal (b. 1985)کسی سے اتنی محبت بھی یار ٹھیک نہیں
اس ایک شخص کا اتنا خمار ٹھیک نہیں
یہ تجربہ ہے میرا مشورہ بھی ہے تجھ کو
مرے عزیز دل بے قرار ٹھیک نہیں
یہ تیرے جسم کی مٹی بہا نہ ڈالے کہیں
ہمیشہ آنکھوں میں یہ آبشار ٹھیک نہیں
جہاں پہ دید کو بس تشنگی رہے باقی
دلوں کا ایسا کوئی کاروبار ٹھیک نہیں
میں کس طرح سے کہوں اس کو وہ مجھے چاہے
تعلقات میں یہ اختیار ٹھیک نہیں
وہ ہم نوا ہے مرا دوست ہے یہ مانا مگر
دماغ کہتا ہے یوں اعتبار ٹھیک نہیں