جس کا کوئی نہ ہو خدا ہوگا
Panna Lal Noorجس کا کوئی نہ ہو خدا ہوگا
جس کا وہ بھی نہ ہو تو کیا ہوگا
حاصل مرگ اور کیا ہوگا
اک نئے غم کا سلسلہ ہوگا
آپ منہ پھیر کے ہوئے رخصت
یہ نہ سوچا کہ میرا کیا ہوگا
جس نے دی ہے تمہیں دعائے عشق
کوئی مجھ سا ہی دل جلا ہوگا
لاکھ سوچوں نہ کہہ سکوں گا کچھ
جب کبھی ان کا سامنا ہوگا
میں نے کیا کیا کہا ہے قاصد سے
جانے قاصد نے کیا کہا ہوگا