نہیں معلوم زریونؔ اب تمہاری عمر کیا ہوگی
Jaun Elia (1931–2002)نہیں معلوم زریونؔ اب تمہاری عمر کیا ہوگی
وہ کن خوابوں سے جانے آشنا نا آشنا ہوگی
تمہارے دل کے اس دنیا سے کیسے سلسلے ہوں گے
تمہیں کیسے گماں ہوں گے تمہیں کیسے گلے ہوں گے
تمہاری صبح جانے کن خیالوں سے نہاتی ہو
تمہاری شام جانے کن ملالوں سے نبھاتی ہو
نہ جانے کون دوشیزہ تمہاری زندگی ہوگی
نہ جانے اس کی کیا بایستگی شائستگی ہوگی
اسے تم فون کرتے اور خط لکھتے رہے ہو گے
نہ جانے تم نے کتنی کم غلط اردو لکھی ہوگی
یہ خط لکھنا تو دقیانوس کی پیڑھی کا قصہ ہے
یہ صنف نثر ہم نابالغوں کے فن کا حصہ ہے
وہ ہنستی ہو تو شاید تم نہ رہ پاتے ہو حالوں میں
گڑھا ننھا سا پڑ جاتا ہو شاید اس کے گالوں میں
گماں یہ ہے تمہاری بھی رسائی نارسائی ہو
وہ آئی ہو تمہارے پاس لیکن آ نہ پائی ہو
وہ شاید مائدے کی گند بریانی نہ کھاتی ہو
وہ نان بے خمیر میدہ کم تر ہی چباتی ہو
وہ دوشیزہ بھی شاید داستانوں کی ہو دل دادہ
اسے معلوم ہوگا زالؔ تھا سہرابؔ کا دادا
تہمتن یعنی رستمؔ تھا گرامی سامؔ کا وارث
گرامی سامؔ تھا صلب نر مانیؔ کا خوش زادہ
وہ نجمؔ آفندی مرحوم کو تو جانتی ہوگی
وہ نوحوں کے ادب کا طرز تو پہچانتی ہوگی
اسے کد ہوگی شاید ان سبھی سے جو لپاڑی ہوں
نہ ہوں گے خواب اس کا جو گویے اور کھلاڑی ہوں
ہدف ہوں گے تمہارا کون تم کس کے ہدف ہوگے
نہ جانے وقت کی پیکار میں تم کس طرف ہوگے
ہے رن یہ زندگی اک رن جو برپا لمحہ لمحہ ہے
ہمیں اس رن میں کچھ بھی ہو کسی جانب تو ہونا ہے
سو ہم بھی اس نفس تک ہیں سپاہی ایک لشکر کے
ہزاروں سال سے جیتے چلے آئے ہیں مر مر کے
شہود اک فن ہے اور میری عداوت بے فنوں سے ہے
مری پیکار ازل سے
یہ خسروؔ میرؔ غالبؔ کا خرابہ بیچتا کیا ہے
ہمارا غالبؔ اعظم تھا چور آقائے بیدلؔ کا
سو رزق فخر اب ہم کھا رہے ہیں میرؔ بسمل کا
سدھارت بھی تھا شرمندہ کہ دو آبے کا باسی تھا
تمہیں معلوم ہے اردو جو ہے پالی سے نکلی ہے
وہ گویا اس کی ہی اک پر نمو ڈالی سے نکلی ہے
یہ کڑواہٹ کی باتیں ہیں مٹھاس ان کی نہ پوچھو تم
نم لب کو ترستی ہیں سو پیاس ان کی نہ پوچھو تم
یہ اک دو جرعوں کی اک چہل ہے اور چہل میں کیا ہے
عوام الناس سے پوچھو بھلا الکحل میں کیا ہے
یہ طعن و طنز کی ہرزہ سرائی ہو نہیں سکتی
کہ میری جان میرے دل سے رشتہ کھو نہیں سکتی
نشہ چڑھنے لگا ہے اور چڑھنا چاہئے بھی تھا
عبث کا نرخ تو اس وقت بڑھنا چاہئے بھی تھا
عجب بے ماجرا بے طور بیزارانہ حالت ہے
وجود اک وہم ہے اور وہم ہی شاید حقیقت ہے
غرض جو حال تھا وہ نفس کے بازار ہی کا تھا
ہے ''ز'' بازار میں تو درمیاں زریونؔ میں اول
تو یہ عبرافنیقی کھیلتے حرفوں سے تھے ہر پل
تو یہ زریونؔ جو ہے کیا یہ افلاطون ہے کوئی
اماں زریونؔ ہے زریونؔ وہ معجون کیوں ہوتا
ہیں معجونیں مفید ''ارواح'' کو معجون یوں ہوتا
سنو تفریق کیسے ہو بھلا اشخاص و اشیا میں
بہت جنجال ہیں پر ہو یہاں تو ''یا'' میں اور ''یا'' میں
تمہاری جو حماسہ ہے بھلا اس کا تو کیا کہنا
ہے شاید مجھ کو ساری عمر اس کے سحر میں رہنا
مگر میرے غریب اجداد نے بھی کچھ کیا ہوگا
بہت ٹچا سہی ان کا بھی کوئی ماجرا ہوگا
یہ ہم جو ہیں ہماری بھی تو ہوگی کوئی نوٹنکی
ہمارا خون بھی سچ مچ کا صحنے پر بہا ہوگا
ہے آخر زندگی خون از بن ناخن بر آور تر
قیامت سانحہ مطلب قیامت فاجعہ پرور
نہیں ہو تم مرے اور میرا فردا بھی نہیں میرا
سو میں نے ساحت دیروز میں ڈالا ہے اب ڈیرا
مرے دیروز میں زہر ہلاہل تیغ قاتل ہے
مرے گھر کا وہی سرنام تر ہے جو بھی بسمل ہے
گزشت وقت سے پیمان ہے اپنا عجب سا کچھ
سو اک معمول ہے عمران کے گھر کا عجب سا کچھ
حسنؔ نامی ہمارے گھر میں اک سقراطؔ گزرا ہے
وہ اپنی نفی سے اثبات تک معشر کے پہنچا ہے
کہ خون رایگاں کے امر میں پڑنا نہیں ہم کو
وہ سود حال سے یکسر زیاں کارانہ گزرا ہے
طلب تھی خون کی قے کی اسے اور بے نہایت تھی
سو فوراً بنت اشعت کا پلایا پی گیا ہوگا
وہ اک لمحے کے اندر سرمدیت جی گیا ہوگا
تمہاری ارجمند امی کو میں بھولا بہت دن میں
میں ان کی رنگ کی تسکین سے نمٹا بہت دن میں
وہی تو ہیں جنہوں نے مجھ کو پیہم رنگ تھکوایا
وہ کس رگ کا لہو ہے جو میاں میں نے نہیں تھوکا
لہو اور تھوکنا اس کا ہے کاروبار بھی میرا
یہی ہے ساکھ بھی میری یہی معیار بھی میرا
میں وہ ہوں جس نے اپنے خون سے موسم کھلائے ہیں
نجانے وقت کے کتنے ہی عالم آزمائے ہیں
میں اک تاریخ ہوں اور میری جانے کتنی فصلیں ہیں
مری کتنی ہی فرعیں ہیں مری کتنی ہی اصلیں ہیں
حوادث ماجرا ہی ہم رہے ہیں اک زمانے سے
شداید سانحہ ہی ہم رہے ہیں اک زمانے سے
ہمیشہ سے بپا اک جنگ ہے ہم اس میں قائم ہیں
ہماری جنگ خیر و شر کے بستر کی ہے زائیدہ
یہ چرخ جبر کے دوار ممکن کی ہے گرویدہ
لڑائی کے لیے میدان اور لشکر نہیں لازم
سنان و گرز و شمشیر و تبر خنجر نہیں لازم
بس اک احساس لازم ہے کہ ہم بعدین ہیں دنوں
کہ نفی عین عین و سر بہ سر ضدین ہیں دونوں
بصد دل دانشی گزران اپنی مجھ پہ طاری کی
بہت اس نے پلائی اور پینے ہی نہ دی مجھ کو
پلک تک اس نے مرنے کے لیے جینے نہ دی مجھ کو
''میں تیرے عشق میں رنجیدہ ہوں ہاں اب بھی کچھ کچھ ہوں
مجھے تیری خیانت نے غضب مجروح کر ڈالا
مگر طیش شدیدانہ کے بعد آخر زمانے میں
رضا کی جاودانہ جبر کی نوبت بھی آ پہنچی''
محبت ایک پسپائی ہے پر احوال حالت کی
محبت اپنی یک طوری میں دشمن ہے محبت کی
سخن مال محبت کی دکان آرائی کرتا ہے
سخن سو طرح سے اک رمز کی رسوائی کرتا ہے
سخن بکواس ہے بکواس جو ٹھہرا ہے فن میرا
وہ ہے تعبیر کا افلاس جو ٹھہرا ہے فن میرا
سخن یعنی لبوں کا فن سخن ور یعنی اک پر فن
سخن ور ایزد اچھا تھا کہ آدم یا پھر اہریمن
مزید آں کہ سخن میں وقت ہے وقت اب سے اب یعنی
کچھ ایسا ہے یہ میں جو ہوں یہ میں اپنے سوا ہوں ''میں''
سو اپنے آپ میں شاید نہیں واقع ہوا ہوں میں
جو ہونے میں ہو وہ ہر لمحہ اپنا غیر ہوتا ہے
کہ ہونے کو تو ہونے سے عجب کچھ بیر ہوتا ہے
یوں ہی بس یوں ہی زینوؔ نے یکایک خودکشی کر لی
عجب حس ظرافت کے تھے مالک یہ رواقی بھی
بدہ یارا ازاں بادہ کہ دہقاں پرورد آں را
بہ سوزد ہر متاع انتماے دودماناں را
بہ سوزد ایں زمین اعتبار و آسماناں را
بہ سوزد جان و دل راہم بیاساید دل و جاں را
دل و جاں اور آسائش یہ اک کونی تمسخر ہے
حمق کی عبقریت ہے سفاہت کا تفکر ہے
حمق کی عبقریت اور سفاہت کے تفکر نے
ہمیں تضیع مہلت کے لیے اکوان بخشے ہیں
اور افلاطون اقدس نے ہمیں اعیان بخشے ہیں
سنو زریونؔ تم تو عین اعیان حقیقت ہو
نظر سے دور منظر کا سر و سامان ثروت ہو
ہماری عمر کا قصہ حساب اندوز آنی ہے
زمانی زد میں ظن کی اک گمان لازمانی ہے
گماں یہ ہے کہ باقی ہے بقا ہر آن فانی ہے
کہانی سننے والے جو بھی ہیں وہ خود کہانی ہیں
کہانی کہنے والا اک کہانی کی کہانی ہے
پیا پے یہ گدازش یہ گماں اور یہ گلے کیسے
صلہ سوزی تو میرا فن ہے پھر اس کے صلے کیسے
تو میں کیا کہہ رہا تھا یعنی کیا کچھ سہہ رہا تھا میں
اماں ہاں میز پر یا میز پر سے بہہ رہا تھا میں
رکو میں بے سر و پا اپنے سر بھاگ نکلا ہوں
الا یا ایھا الابجد ذرا یعنی ذرا ٹھہرو
کہیں اپنے سوا یعنی کہیں اپنے سوا ٹھہرو
ردیف و قافیہ کیا ہیں شکست ناروا کیا ہے
شکست ناروا نے مجھ کو پارہ پارہ کر ڈالا
انا کو میری بے اندازہ تر بے چارہ کر ڈالا
میں اپنے آپ میں ہارا ہوں اور خوارانہ ہارا ہوں
جگر چاکانہ ہارا ہوں دل افگارانہ ہارا ہوں
جسے فن کہتے آئے ہیں وہ ہے خون جگر اپنا
مگر خون جگر کیا ہے وہ ہے قتال تر اپنا
کوئی خون جگر کا فن ذرا تعبیر میں لائے
مگر میں تو کہوں وہ پہلے میرے سامنے آئے
کبھی مفہوم میں ہرگز یہ کائن ہو نہیں سکتے
حساب حرف میں آتا رہا ہے بس حسب ان کا
نہیں معلوم ایزد ایزداں کو بھی نسب ان کا
ہے ازد ایزداں اک رمز جو بے رمز نسبت ہے
میاں اک حال ہے اک حال جو بے حال حالت ہے
نہ جانے جبر ہے حالت کہ حالت جبر ہے یعنی
کسی بھی بات کے معنی جو ہیں ان کے ہیں کیا معنی
وجود اک جبر ہے میرا عدم اوقات ہے میری
جو میری ذات ہرگز بھی نہیں وہ ذات ہے میری
میں روز و شب نگارش کوش خود اپنے عدم کا ہوں
میں اپنا آدمی ہرگز نہیں لوح و قلم کا ہوں
ہیں کڑواہٹ میں یہ بھیگے ہوئے لمحے عجب سے کچھ
سراسر بے حسابانا سراسر بے سبب سے کچھ
سرابوں نے سرابوں پر بہت بادل ہیں برسائے
شرابوں نے معابد کے تموز و بعل نہلائے
''ہیں نہلائے'' ''ہیں برسائے'')
نہ جانے عاربہ کیوں آئے کیوں مستعربہ آئے
مضر کے لوگ تو چھانے ہی والے تھے سو وہ چھائے
مرے جد ہاشم عالی گئے غزہ میں دفنائے
میں ناقے کو پلاؤں گا مجھے واں تک وہ لے جائے
لدوا للموت وابنو للحزاب سن خراباتی
وہ مرد عوص کہتا ہے حقیقت ہے خرافاتی
یہ ظالم تیسرا پیگ اک اقانیمی بدایت ہے
الوہی ہرزہ فرمائی کا سر طور لکنت ہے
بھلا حورب کی جھاڑی کا وہ رمز آتشیں کیا تھا
مگر حورب کی جھاڑی کیا یہ کس سے کس کی نسبت ہے
یہ نسبت کے بہت سے قافیے ہیں ہے گلہ اس کا
مگر تجھ کو تو یارا! قافیوں کی بے طرح لت ہے
گماں یہ ہے کہ شاید بحر سے خارج نہیں ہوں میں
ذرا بھی حال کے آہنگ میں حارج نہیں ہوں
تنا تن تن تنا تن تن تنا تن تن تنا تن تن
تنا تن تن نہیں محنت کشوں کا تن نہ پیراہن
نہ پیراہن نہ پوری آدھی روٹی اب رہا سالن
یہ سالے کچھ بھی کھانے کو نہ پائیں گالیاں کھائیں
ہے ان کی بے حسی میں تو مقدس تر حرامی پن
مگر آہنگ میرا کھو گیا شاید کہاں جانے
کوئی موج ۔۔۔کوئی موج شمال جاوداں جانے
شمال جاوداں کے اپنے ہی قصے تھے جو گزرے
وہ ہو گزرے تو پھر خود میں نے بھی جانا وہ ہو گزرے
شمال جاوداں اپنا شمال جاودان جاں
ہے اب بھی اپنی پونجی اک ملال جاودان جاں
نہیں معلوم زریونؔ اب تمہاری عمر کیا ہوگی
یہی ہے دل کا مضمون اب تمہاری عمر کیا ہوگی
ہمارے درمیاں اب ایک بے جا تر زمانہ ہے
لب تشنہ پہ اک زہر حقیقت کا فسانہ ہے
عجب فرصت میسر آئی ہے ''دل جان رشتے'' کو
نہ دل کو آزمانا ہے نہ جاں کو آزمانا ہے
کلید کشت زار خواب بھی گم ہو گئی آخر
کہاں اب جادۂ خرم میں سرسبزانہ جانا ہے
کہوں تو کیا کہوں میرا یہ زخم جاودانہ ہے
وہی دل کی حقیقت جو کبھی جاں تھی وہ اب آخر
فسانہ در فسانہ در فسانہ در فسانہ ہے
ہمارا باہمی رشتہ جو حاصل تر تھا رشتوں کا
ہمارا طور بے زاری بھی کتنا والہانہ ہے
کسی کا نام لکھا ہے مری ساری بیاضوں پر
میں ہمت کر رہا ہوں یعنی اب اس کو مٹانا ہے
یہ اک شام عذاب بے سروکارانہ حالت ہے
ہوئے جانے کی حالت میں ہوں بس فرصت ہی فرصت ہے
نہیں معلوم تم اس وقت کس معلوم میں ہو گے
نہ جانے کون سے معنی میں کس مفہوم میں ہوگے
میں تھا مفہوم نا مفہوم میں گم ہو چکا ہوں میں
میں تھا معلوم نامعلوم میں گم ہو چکا ہوں میں
نہیں معلوم زریونؔ اب تمہاری عمر کیا ہوگی
مرے خود سے گزرنے کے زمانے سے سوا ہوگی
مرے قامت سے اب قامت تمہارا کچھ فزوں ہوگا
مرا فردا مرے دیروز سے بھی خوش نموں ہوگا
حساب ماہ و سال اب تک کبھی رکھا نہیں میں نے
کسی بھی فصل کا اب تک مزہ چکھا نہیں میں نے
میں اپنے آپ میں کب رہ سکا کب رہ سکا آخر
کبھی اک پل کو بھی اپنے لیے سوچا نہیں میں نے
حساب ماہ و سال و روز و شب وہ سوختہ بودش
مسلسل جاں کنی کے حال میں رکھتا بھی تو کیسے
جسے یہ بھی نہ ہو معلوم وہ ہے بھی تو کیوں کر ہے
کوئی حالت دل پامال میں رکھتا بھی تو کیسے
کوئی نسبت بھی اب تو ذات سے باہر نہیں میری
کوئی بستر نہیں میرا کوئی چادر نہیں میری
بہ حال ناشتا صد زخم ہا و خون ہا خوردم
بہ ہر دم شوکراں آمیختہ معجون ہا خوردم
تمہیں اس بات سے مطلب ہی کیا اور آخرش کیوں ہو
کسی سے بھی نہیں مجھ کو گلہ اور آخرش کیوں ہو
جو ہے اک ننگ ہستی اس کو تم کیا جان بھی لو گے
اگر تم دیکھ لو مجھ کو تو کیا پہچان بھی لو گے
تمہیں مجھ سے جو نفرت ہے وہی تو میری راحت ہے
مری جو بھی اذیت ہے وہی تو میری لذت ہے
کہ آخر اس جہاں کا ایک نظام کار ہے آخر
جزا کا اور سزا کا کوئی تو ہنجار ہے آخر
میں خود میں جھینکتا ہوں اور سینے میں بھڑکتا ہوں
مرے اندر جو ہے اک شخص میں اس میں پھڑکتا ہوں
ہے میری زندگی اب روز و شب یک مجلس غم ہا
عزا ہا مرثیہ ہا گریہ ہا آشوب ماتم ہا
تمہاری تربیت میں میرا حصہ کم رہا کم تر
زباں میری تمہارے واسطے شاید کہ مشکل ہو
زباں اپنی زباں میں تم کو آخر کب سکھا پایا
عذاب صد شماتت آخرش مجھ پر ہی نازل ہو
زباں کا کام یوں بھی بات سمجھانا نہیں ہوتا
سمجھ میں کوئی بھی مطلب کبھی آنا نہیں ہوتا
کبھی خود تک بھی مطلب کوئی پہنچانا نہیں ہوتا
گمانوں کے گماں کی دم بہ دم آشوب کاری ہے
بھلا کیا اعتباری اور کیا نا اعتباری ہے
گماں یہ ہے بھلا میں جز گماں کیا تھا گمانوں میں
سخن ہی کیا فسانوں کا دھرا کیا ہے فسانوں میں
مرا کیا تذکرہ اور واقعی کیا تذکرہ میرا
میں اک افسوس تھا افسوس ہوں گزرے زمانوں میں
ہے شاید دل مرا بے زخم اور لب پر نہیں چھالے
مرے سینے میں کب سوزندہ تر داغوں کے ہیں تھالے
مگر دوزخ پگھل جائے جو میرے سانس اپنا لے
تم اپنی مام کے بے حد مرادی منتوں والے
مرے کچھ بھی نہیں کچھ بھی نہیں کچھ بھی نہیں بالے
مگر پہلے کبھی تم سے مرا کچھ سلسلہ تو تھا
گماں میں میرے شاید اک کوئی غنچہ کھلا تو تھا
وہ میری جاودانہ بے دوئی کا اک صلہ تو تھا
سو اس کو ایک ابو نام کا گھوڑا ملا تو تھا
سایۂ دامان رحمت چاہئے تھوڑا مجھے
میں نہ چھوڑوں یا نبی تم نے اگر چھوڑا مجھے
عید کے دن مصطفی سے یوں لگے کہنے حسینؔ
سبز جوڑا دو حسنؔ کو سرخ دو جوڑا مجھے
''ادب ادب کتے ترے کان کاٹوں
زریونؔ کے بیاہ کے نان باٹوں''
تاروں بھرے جگر جگر خوان باٹوں
''آ جا ری نندیا تو آ کیوں نہ جا
زریونؔ کو آ کے سلا کیوں نہ جا''
تمہارے بیاہ میں شجرہ پڑھا جانا تھا نوشہ واسطی دولہا
''چوکی آنگن میں بچھی واسطی دولہا کے لیے''
مکے مدینے کے پاک مصلے پیمبر گھر نواسے
شاہ مرداں امیرالمومنین حضرت علیؔ کے پوتے
حضرت امام حسنؔ حضرت امام حسینؔ کے پوتے
حضرت امام علی نقیؔ کے پوتے
سید جعفرؔ ثانی کے پوتے
سید ابو الفرح صیدوای الواسطی کے پوتے
میراں سید علیؔ بزرگ کے پوتے
سید حسینؔ شرف الدین شاہ ولایت کے پوتے
قاضی سید امیرؔ علی کے پوتے
علامہ سید شفیقؔ حسن ایلیا کے پوتے
سید جونؔ ایلیا حسنی الحسینی سپوت جاہ''
مگر ناظر ہمارا سوختہ صلب آخری نساب اب مرنے ہی والا ہے
بس اک پل ہف صدی کا فیصلہ کرنے ہی والا ہے
سنو زریونؔ بس تم ہی سنو یعنی فقط تم ہی
وہی راحت میں ہے جو عام سے ہونے کو اپنا لے
کبھی کوئی بھی پر ہو کوئی بہمنؔ یار یا زینوؔ
تمہیں بہکا نہ پائے اور بیرونی نہ کر ڈالے
میں ساری زندگی کے دکھ بھگت کر تم سے کہتا ہوں
بہت دکھ دے گی تم میں فکر اور فن کی نمو مجھ کو
تمہارے واسطے بے حد سہولت چاہتا ہوں میں
دوام جہل و حال استراحت چاہتا ہوں میں
نہ دیکھو کاش تم وہ خواب جو دیکھا کیا ہوں میں
وہ سارے خواب تھے قصاب جو دیکھا کیا ہوں میں
خراش دل سے تم بے رشتہ بے مقدور ہی ٹھہرو
مرے جحیمیم ذات ذات سے تم دور ہی ٹھہرو
کوئی زریونؔ کوئی بھی کلرک اور کوئی کارندہ
کوئی بھی بینک کا افسر سینٹر کوئی پایندہ
ہر اک حیوان سرکاری کو ٹٹو جانتا ہوں میں
سو ظاہر ہے اسے شے سے زیادہ مانتا ہوں میں
تمہیں ہو صبح دم توفیق بس اخبار پڑھنے کی
تمہیں اے کاش بیماری نہ ہو دیوار پڑھنے کی
عجب ہے سارترؔ اور رسلؔ بھی اخبار پڑھتے تھے
وہ معلومات کے میدان کے شوقین بوڑھے تھے
نہیں معلوم مجھ کو عام شہری کیسے ہوتے ہیں
وہ کیسے اپنا بنجر نام بنجر پن میں بوتے ہیں
میں ''ار'' سے آج تک اک عام شہری ہو نہیں پایا
اسی باعث میں ہوں انبوہ کی لذت سے بے مایہ
مگر تم اک دو پایہ راست قامت ہو کے دکھلانا
سنو راے دہندہ بن ہوئے تم باز مت آنا
فقط زریونؔ ہو تم یعنی اپنا سابقہ چھوڑو
فقط زریونؔ ہو تم یعنی اپنا لاحقہ چھوڑو
مگر میں کون جو چاہوں تمہارے باب میں کچھ بھی
بھلا کیوں ہو مرے احساس کے اسباب میں کچھ بھی
تمہارا باپ یعنی میں عبث میں اک عبث تر میں
مگر میں یعنی جانے کون اچھا میں سراسر میں
میں کاسہ باز و کینہ ساز و کاسہ تن ہوں کتا ہوں
میں اک ننگین بودش ہوں پہ تم تو سر منعم ہو
تمہارا باپ روح القدس تھا تم ابن مریم ہو
یہ قلقل تیسرا پیگ اب تو چوتھا ہو گماں یہ ہے
گماں کا مجھ سے کوئی خاص رشتہ ہو گماں یہ ہے
گماں یہ ہے کہ میں جو جا رہا تھا آ رہا ہوں میں
مگر میں آ رہا کب ہوں پیاپے جا رہا ہوں میں
یہ چوتھا پیگ ہے اوں ہوں ذلالت کی گئی مجھ سے
ذلالت کی گئی مجھ سے خیانت کی گئی مجھ سے
جذامی ہو گئی وضاحؔ کی محبوب واویلا
مگر اس کا گلہ کیا جب نہیں آیا کوئی ایلا
سنو میری کہانی پر میاں میری کہانی کیا
میں یکسر رایگانی ہوں حساب رایگانی کیا
بہت کچھ تھا کبھی شاید پر اب کچھ بھی نہیں ہوں میں
نہ اپنا ہم نفس ہوں میں نہ اپنا ہم نشیں ہوں میں
کبھی کی بات ہے فریاد میرا وہ کبھی یعنی
نہیں اس کا کوئی مطلب نہیں اس کے کوئی معنی
میں اپنے شہر کا سب سے گرامی نام لڑکا تھا
میں بے ہنگام لڑکا تھا میں صد ہنگام لڑکا تھا
مرے دم سے غضب ہنگامہ رہتا تھا محلوں میں
میں حشر آغاز لڑکا تھا میں حشر انجام لڑکا تھا
مرے ہندو مسلماں سب مجھے سر پر بٹھاتے تھے
انہی کے فیض سے معنی مجھے معنی سکھاتے تھے
سخن بہتا چلا آتا ہے بے باعث کے ہونٹوں سے
وہ کچھ کہتا چلا آتا ہے بے باعث کے ہونٹوں سے
میں اشراف کمینہ کار کو ٹھوکر پہ رکھتا تھا
سو میں محنت کشوں کی جوتیاں منبر پہ رکھتا تھا
میں شاید اب نہیں ہوں وہ مگر اب بھی وہی ہوں میں
غضب ہنگامہ پرور خیرہ سر اب بھی وہی ہوں میں
مگر میرا تھا اک طور اور بھی جو اور ہی کچھ تھا
مگر میرا تھا اک دور اور بھی جو اور ہی کچھ تھا
میں اپنے شہر علم و فن کا تھا اک نوجواں کاہن
مرے تلمیذ علم و فن مرے بابا کے تھے ہم سن
مرا بابا مجھے خاموش آوازیں سناتا تھا
وہ اپنے آپ میں گم مجھ کو پر حالی سکھاتا تھا
وہ ہیئت داں وہ عالم ناف شب میں چھت پہ جاتا تھا
رصد کا رشتہ سیاروں سے رکھتا تھا نبھاتا تھا
اسے خواہش تھی شہرت کی نہ کوئی حرص دولت تھی
بڑے سے قطر کی اک دوربین اس کی ضرورت تھی
مری ماں کی تمناؤں کا قاتل تھا وہ قلامہ
مری ماں میری محبوبہ قیامت کی حسینہ تھی
ستم یہ ہے یہ کہنے سے جھجکتا تھا وہ فہامہ
تھا بے حد اشتعال انگیز بد قسمت او علامہ
خلف اس کے خذف اور بے نہایت نا خلف نکلے
ہم اس کے سارے بیٹے انتہائی بے شرف نکلے
میں اس عالم ترین دہر کی فکرت کا منکر تھا
میں فسطائی تھا جاہل تھا اور منطق کا ماہر تھا
پر اب میری یہ شہرت ہے کہ میں بس اک شرابی ہوں
میں اپنے دودمان علم کی خانہ خرابی ہوں
سگان خوک زاد برزن و بازار بےمغزی
مری جانب اب اپنے تھوبڑے شاہانہ کرتے ہیں
زنا زادے مری عزت بھی گستاخانہ کرتے ہیں
کمینے شرم بھی اب مجھ سے بے شرمانہ کرتے تھے
مجھے اس شام ہے اپنے لبوں پر اک سخن لانا
علیؔ درویش تھا تم اس کو اپنا جد نہ بتلانا
وہ سبطین محمد، جن کو جانے کیوں بہت ارفع
تم ان کی دور کی نسبت سے بھی یکسر مکر جانا
کہ اس نسبت سے زہر و زخم کو سہنا ضروری ہے
عجب غیرت سے غلطیدہ بخوں رہنا ضروری ہے
وہ شجرہ جو کنانہ فہر غالب کعب مرہ سے
قصی و ہاشم و شیبہ ابو طالب تک آتا تھا
وہ اک اندوہ تھا تاریخ کا اندوہ سوزندہ
وہ ناموں کا درخت زرد تھا اور اس کی شاخوں کو
کسی تنور کے ہیزم کی خاکستر ہی بننا تھا
اسے شعلہ زدہ بودش کا اک بستر ہی بننا تھا
ہمارا فخر تھا فقر اور دانش اپنی پونجی تھی
نسب ناموں کے ہم نے کتنے ہی پرچم لپیٹے ہیں
مرے ہم شہر زریونؔ اک فسوں ہے نسل، ہم دونوں
فقط آدم کے بیٹے ہیں فقط آدم کے بیٹے ہیں
میں جب اوسان اپنے کھونے لگتا ہوں تو ہنستا ہوں
میں تم کو یاد کر کے رونے لگتا ہوں تو ہنستا ہوں
ہمیشہ میں خدا حافظ ہمیشہ میں خدا حافظ
خدا حافظ
خدا حافظ
nahin maalum zariwan ab tumhari umr kya hogi
wo kin khwabon se jane ashna na ashna hogi
tumhare dil ke is duniya se kaise silsile honge
tumhen kaise guman honge tumhen kaise gale honge
tumhari subh jane kin khayalon se nahati ho
tumhari sham jane kin malalon se nibhati ho
na jane kaun doshiza tumhari zindagi hogi
na jane us ki kya baestagi shaistagi hogi
use tum fon karte aur khat likhte rahe hoge
na jane tum ne kitni kam ghalat urdu likhi hogi
ye khat likhna to daqyanus ki pirhi ka qissa hai
ye sinf-e-nasr ham nabalighon ke fan ka hissa hai
wo hansti ho to shayad tum na rah pate ho halon mein
garha nanha sa par jata ho shayad us ke galon mein
guman ye hai tumhari bhi rasai narasai ho
wo ai ho tumhare pas lekin a na pai ho
wo shayad maide ki gand biryani na khati ho
wo nan-e-be khamir-e-maida kam tar hi chabati ho
wo doshiza bhi shayad dastanon ki ho dil dada
use maalum hoga zal tha sohrab ka dada
tahmatn yaani rustam tha garami sam ka waris
garami sam tha sulb-e-nar-e-mani ka khush zada
wo najm-e-afandi marhum ko to janti hogi
wo nauhon ke adab ka tarz to pahchanti hogi
use kad hogi shayad un sabhi se jo lapuri hun
na honge khwab us ka jo gawayye aur khilari hun
hadaf honge tumhara kaun tum kis ke hadaf hoge
na jane waqt ki paikar mein tum kis taraf hoge
hai ran ye zindagi ik ran jo barpa lamha lamha hai
hamen is ran mein kuchh bhi ho kisi janib to hona hai
so ham bhi is nafas tak hain sipahi ek lashkar ke
hazaron sal se jite chale ae hain mar mar ke
shuhud ik fan hai aur meri adawat be fanon se hai
miri paikar azal se
ye khusrau mir ghalib ka kharaba bechta kya hai
hamara ghalib-e-aazam tha chur aqa-e-bedil ka
so rizq fakhr ab ham kha rahe hain mir bismil ka
sidharut bhi tha sharminda ke do abe ka basi tha
tumhen maalum hai urdu jo hai pali se nikli hai
wo goya us ki hi ik par numu dali se nikli hai
ye karwahat ki baten hain mithas un ki na puchho tum
nam-e-lab ko tarasti hain so pyas un ki na puchho tum
ye ik do juron ki ik chahal hai aur chahal mein kya hai
awam alnnas se puchho bhala alkuhal mein kya hai
ye taan-o-tanz ki harza sarai ho nahin sakti
ke meri jan mere dil se rishta kho nahin sakti
nasha charhne laga hai aur charhna chahiye bhi tha
abas ka nirkh to is waqt barhna chahiye bhi tha
ajab be majra be tur bezarana halat hai
wajud ik wahm hai aur wahm hi shayad haqiqat hai
gharaz jo hal tha wo nafas ke bazar hi ka tha
hai ''ze'' bazar mein to darmiyan zariwan mein awwal
to ye abrafneqi khelte harfon se the har pal
to ye zariwan jo hai kya ye aflatun hai koi
aman zariwan hai zariwan wo maajun kyun hota
hain maajunen mufid ''arwah'' ko maajun yun hota
suno tafriq kaise ho bhala ashkhas-o-ashiya mein
bahut janjal hain par ho yahan to ''ya'' main aur ''ya'' main
tumhari jo hamasa hai bhala us ka to kya kahna
hai shayad mujh ko sari umr us ke sehr mein rahna
magar mere gharib ajdad ne bhi kuchh kya hoga
bahut tuchcha sahi un ka bhi koi majra hoga
ye ham jo hain hamari bhi to hogi koi nautanki
hamara khun bhi sach much ka sahne par baha hoga
hai akhir zindagi khun az-e-ban nakhun bar awar tar
qayamat saneha matlab qayamat fajaa parwar
nahin ho tum mire aur mera farda bhi nahin mera
so main ne sahat-e-diroz mein dala hai ab dera
mire diroz mein zahr-e-halahal tegh-e-qatil hai
mire ghar ka wahi sarnam tar hai jo bhi bismil hai
guzasht waqt se paiman hai apna ajab sa kuchh
so ik maamul hai imran ke ghar ka ajab sa kuchh
husn nami hamare ghar mein ik suqrat guzra hai
wo apni nafi se isbat tak muashshar ke pahuncha hai
ke khun-e-raegan ke amar mein parna nahin ham ko
wo sud-e-hal se yaksar ziyan karana guzra hai
talab thi khun ki qai ki use aur be nihayat thi
so fauran bint ashaat ka pilaya pi gaya hoga
wo ik lamhe ke andar sarmadiyyat ji gaya hoga
tumhari arjmand ammi ko main bhula bahut din mein
main un ki rang ki taskin se nimta bahut din mein
wahi to hain jinhon ne mujh ko paiham rang thakwaya
wo kis rag ka lahu hai jo miyan main ne nahin thuka
lahu aur thukanna us ka hai karobar bhi mera
yahi hai sakh bhi meri yahi meyar bhi mera
main wo hun jis ne apne khun se mausam khilae hain
nijane waqt ke kitne hi alam azmae hain
main ik tarikh hun aur meri jane kitni faslen hain
miri kitni hi faraen hain miri kitni hi aslen hain
hawadis majra hi ham rahe hain ik zamane se
shadaed saneha hi ham rahe hain ik zamane se
hamesha se bapa ik jang hai ham is mein qaim hain
hamari jang khair-o-shar ke bistar ki hai zaida
ye charkh jabr ke dawar mumkin ki hai girwida
larai ke liye maidan aur lashkar nahin lazim
sinan-o-garaz-o-shamshir-o-tabar khanjar nahin lazim
bas ik ehsas lazim hai ke ham baadyun hain dinon
ke nafi ain ain-o-sar ba sar ziddain hain donon
basad dil danishi guzaran apni mujh pe tari ki
bahut us ne pilai aur pine hi na di mujh ko
palak tak us ne marne ke liye jine na di mujh ko
''main tere ishq mein ranjida hun han ab bhi kuchh kuchh hun
mujhe teri khayanat ne ghazab majruh kar dala
magar taish shadidana ke baad akhir zamane mein
raza ki jawidana jabr ki naubat bhi a pahunchi''
mohabbat ek paspai hai par ahwal halat ki
mohabbat apni yak tauri mein dushman hai mohabbat ki
sukhan mal-e-mohabbat ki dukan arai karta hai
sukhan sau tarah se ik ramz ki ruswai karta hai
sukhan bakwas hai bakwas jo thahra hai fan mera
wo hai taabir ka iflas jo thahra hai fan mera
sukhan yaani labon ka fan sukhan war yaani ik pur fan
sukhan war izid achchha tha ke adam ya phir ahuryaman
mazid an ke sukhan mein waqt hai waqt ab se ab yaani
kuchh aisa hai ye main jo hun ye main apne siwa hun ''main''
so apne ap mein shayad nahin waqe hua hun main
jo hone mein ho wo har lamha apna ghair hota hai
ke hone ko to hone se ajab kuchh bair hota hai
yun hi bas yun hi zaino ne yakayak khudkushi kar li
ajab his-e-zarafat ke the malik ye ruaqi bhi
bada yara azan bada ke dehqan parward an ra
ba sozad har mata-e-intima-e-dudmanan ra
ba sozad ain zamin-e-etibar-o-asmanan ra
ba sozad jan-o-dil raham bayasaed dil-o-jan ra
dil-o-jan aur asaish ye ik koni tamaskhur hai
humq ki abqaret hai safahat ka tafakkur hai
humq ki abqaret aur safahat ke tafakkur ne
hamen tazayyo mohlat ke liye ikoin bakhshe hain
aur aflatun-e-aqdas ne hamen aayan bakhshe hain
suno zariwan tum to ain aayan haqiqat ho
nazar se dur manzar ka sar-o-saman-e-sarwat ho
hamari umr ka qissa hisab andoz ani hai
zamani zad mein zan ki ik guman-e-lazamani hai
guman ye hai ke baqi hai baqa har an fani hai
kahani sunne wale jo bhi hain wo khud kahani hain
kahani kahne wala ik kahani ki kahani hai
piya pe ye gadazash ye guman aur ye gale kaise
sila sozi to mera fan hai phir us ke sile kaise
to main kya kah raha tha yaani kya kuchh sah raha tha main
aman han mez par ya mez par se bah raha tha main
ruko mein be sar-o-pa apne sar-e-bhag nikla hun
illa ya iha illabajid zara yaani zara thahro
kahin apne siwa yaani kahin apne siwa thahro
radif-o-qafiya kya hain shikast-e-narawa kya hai
shikast-e-narawa ne mujh ko para para kar dala
ana ko meri be andaza tar be chara kar dala
main apne ap mein hara hun aur khwarana hara hun
jigar chakana hara hun dil afgarana hara hun
jise fan kahte ae hain wo hai khun-e-jigar apna
magar khun-e-jigar kya hai wo hai qital tar apna
koi khun-e-jigar ka fan zara taabir mein lae
magar main to kahun wo pahle mere samne ae
kabhi mafhum mein hargiz ye kain ho nahin sakte
hisab-e-harf mein ata raha hai bas hasab un ka
nahin maalum izid izidan ko bhi nasab un ka
hai izd izidan ik ramz jo be ramz nisbat hai
miyan ik hal hai ik hal jo be hal halat hai
na jane jabr hai halat ke halat jabr hai yaani
kisi bhi bat ke maani jo hain un ke hain kya maani
wajud ik jabr hai mera adam auqat hai meri
jo meri zat hargiz bhi nahin wo zat hai meri
main roz-o-shab nigarish kosh khud apne adam ka hun
main apna admi hargiz nahin lauh-o-qalam ka hun
hain karwahat mein ye bhige hue lamhe ajab se kuchh
sarasar be hisabana sarasar be sabab se kuchh
sarabon ne sarabon par bahut badal hain barsae
sharabon ne maanbad ke tamoz-o-baal nehlae
''hain nehlae'' ''hain barsae'')
na jane ariba kyun ae kyun mustaariba ae
muzir ke log to chhane hi wale the so wo chhae
mire jadd hashim ali gae ghaza mein dafnae
main naqe ko pilaunga mujhe wan tak wo le jae
ladwa lalmot wabano lalhazab sun kharabati
wo mard-e-os kahta hai haqiqat hai khurafati
ye zalim tisra paig ik aqanimi badayat hai
uluhi harza farmai ka sar-e-tur luknat hai
bhala horab ki jhari ka wo ramz-e-atishin kya tha
magar horab ki jhari kya ye kis se kis ki nisbat hai
ye nisbat ke bahut se qafiye hain hai gila us ka
magar tujh ko to yara! qafiyon ki be tarah lat hai
guman ye hai ke shayad bahr se kharij nahin hun main
zara bhi hal ke ahang mein haraj nahin hun
tanna tan tan tanna tan tan tanna tan tan tanna tan tan
tanna tan tan nahin mehnat kashon ka tan na pairahan
na pairahan na puri adhi roti ab raha salan
ye sale kuchh bhi khane ko na paen galiyan khaen
hai un ki be hissi mein to muqaddas tar harami pan
magar ahang mera kho gaya shayad kahan jane
koi mauj...koi mauj-e-shumal-e-jawedan jane
shumal-e-jawedan ke apne hi qisse the jo guzre
wo ho guzre to phir khud main ne bhi jana wo ho guzre
shumal-e-jawedan apna shumal-e-jawidan-e-jan
hai ab bhi apni punji ik malal-e-jawidan-e-jan
nahin maalum zariwan ab tumhari umr kya hogi
yahi hai dil ka mazmun ab tumhari umr kya hogi
hamare darmiyan ab ek be ja tar zamana hai
lab-e-tishna pe ik zahr-e-haqiqat ka fasana hai
ajab fursat muyassar ai hai ''dil jan rishte'' ko
na dil ko azmana hai na jan ko azmana hai
kilid-e-kisht-e-zar-e-khwab bhi gum ho gai akhir
kahan ab jada-e-khurram mein sarsabzana jana hai
kahun to kya kahun mera ye zakhm-e-jawidana hai
wahi dil ki haqiqat jo kabhi jan thi wo ab akhir
fasana dar fasana dar fasana dar fasana hai
hamara bahami rishta jo hasil tar tha rishton ka
hamara tur be zari bhi kitna walhana hai
kisi ka nam likha hai miri sari bayazon par
main himmat kar raha hun yaani ab us ko mitana hai
ye ik sham azab-e-be sarokarana halat hai
hue jane ki halat mein hun bas fursat hi fursat hai
nahin maalum tum is waqt kis maalum mein hoge
na jane kaun se maani mein kis mafhum mein hoge
main tha mafhum na mafhum mein gum ho chuka hun main
main tha maalum namaalum mein gum ho chuka hun main
nahin maalum zariwan ab tumhari umr kya hogi
mire khud se guzarne ke zamane se siwa hogi
mire qamat se ab qamat tumhara kuchh fuzun hoga
mira farda mire diroz se bhi khush numon hoga
hisab-e-mah-o-sal ab tak kabhi rakha nahin main ne
kisi bhi fasl ka ab tak maza chakha nahin main ne
main apne ap mein kab rah saka kab rah saka akhir
kabhi ik pal ko bhi apne liye socha nahin main ne
hisab-e-mah-o-sal-o-roz-o-shab wo sokhta bodash
musalsal jan kini ke hal mein rakhta bhi to kaise
jise ye bhi na ho maalum wo hai bhi to kyun kar hai
koi halat dil-e-pamal mein rakhta bhi to kaise
koi nisbat bhi ab to zat se bahar nahin meri
koi bistar nahin mera koi chadar nahin meri
ba hal nashta sad zakhm ha-o-khun ha khuridam
ba har dam shokaran amekhta maajun ha khuridam
tumhen is bat se matlab hi kya aur akhirash kyun ho
kisi se bhi nahin mujh ko gila aur akhirash kyun ho
jo hai ik nang-e-hasti us ko tum kya jan bhi loge
agar tum dekh lo mujh ko to kya pahchan bhi loge
tumhen mujh se jo nafrat hai wahi to meri rahat hai
miri jo bhi aziyyat hai wahi to meri lazzat hai
ke akhir is jahan ka ek nizam-e-kar hai akhir
jaza ka aur saza ka koi to hanjar hai akhir
main khud mein jhuninakta hun aur sine mein bharakta hun
mire andar jo hai ik shakhs mein is mein pharakta hun
hai meri zindagi ab roz-o-shab yak majlis-e-gham ha
aza ha marsiya ha girya ha ashob-e-matam ha
tumhari tarbiyat mein mera hissa kam raha kam tar
zaban meri tumhare waste shayad ke mushkil ho
zaban apni zaban mein tum ko akhir kab sikha paya
azab-e-sad shumatat akhirash mujh par hi nazil ho
zaban ka kam yun bhi bat samjhana nahin hota
samajh mein koi bhi matlab kabhi ana nahin hota
kabhi khud tak bhi matlab koi pahunchana nahin hota
gumanon ke guman ki dam ba dam ashob-e-kari hai
bhala kya etibari aur kiya na etibari hai
guman ye hai bhala mein juz guman kya tha gumanon mein
sukhan hi kya fasanon ka dhara kya hai fasanon mein
mira kya tazkira aur waqai kya tazkira mera
main ik afsos tha afsos hun guzre zamanon mein
hai shayad dil mira be zakhm aur lab par nahin chhale
mire sine mein kab sozinda tar daghon ke hain thale
magar dozakh pighal jae jo mere sans apna le
tum apni mam ke be had muradi minnaton wale
mire kuchh bhi nahin kuchh bhi nahin kuchh bhi nahin bale
magar pahle kabhi tum se mira kuchh silsila to tha
guman mein mere shayad ik koi ghuncha khula to tha
wo meri jawidana be dui ka ik sila to tha
so us ko ek abu nam ka ghora mila to tha
saya-e-daman-e-rahmat chahiye thora mujhe
main na chhorun ya nabi tum ne agar chhora mujhe
eid ke din mustafa se yun lage kahne hasin
sabz jora do husn ko surkh do jora mujhe
''adab adab kutte tire kan katun
zariwan ke biyah ke nan baton''
taron bhare jigar jigar khwan baton
''a ja ri nandaya to a kyun na ja
zariwan ko a ke sula kyun na ja''
tumhare biyah mein shajara parha jana tha nosha wasiti dolaha
''chauki angan mein bichhi wasiti dolaha ke liye''
make madine ke pak musalle payambar ghar nawase
shah-e-mardan amirulmominin hazrat ali ke paute
hazrat-e-imam husn hazrat-e-imam hasin ke paute
hazrat-e-imam-e-ali naqi ke paute
sayyad jaafar sani ke paute
sayyad abu alfarah saidoi alwasiti ke paute
miran sayyad ali buzurg ke paute
sayyad hasin sharaf alddain shah-e-wilayat ke paute
qazi sayyad amir-e-ali ke paute
allama sayyad shafiq husn eliya ke paute
sayyad jon eliya husni alhisyuni suput jah''
magar nazir hamara sokhta sulb akhiri nasab ab marne hi wala hai
bas ik pal haf sadi ka faisla karne hi wala hai
suno zariwan bas tum hi suno yaani faqat tum hi
wahi rahat mein hai jo am se hone ko apna le
kabhi koi bhi par ho koi bahman yar ya zaino
tumhen bahka na pae aur beruni na kar dale
main sari zindagi ke dukh bhagat kar tum se kahta hun
bahut dukh degi tum mein fikr aur fan ki numu mujh ko
tumhare waste be had suhulat chahta hun main
dawam-e-jahl-o-hal-e-istirahat chahta hun main
na dekho kash tum wo khwab jo dekha kiya hun main
wo sare khwab the qassab jo dekha kiya hun main
kharash-e-dil se tum be rishta be maqdur hi thahro
mire jahimyam zat zat se tum dur hi thahro
koi zariwan koi bhi kilark aur koi karinda
koi bhi baink ka afsar sentar koi painda
har ik haiwan sarkari ko tuto janta hun main
so zahir hai use shai se ziyada manta hun main
tumhen ho subh dam taufiq bas akhbar parhne ki
tumhen ai kash bimari na ho diwar parhne ki
ajab hai sartar aur rusul bhi akhbar parhte the
wo maalumat ke maidan ke shauqin burhe the
nahin maalum mujh ko am shahri kaise hote hain
wo kaise apna banjar nam banjar pan mein bote hain
main ''ar'' se aj tak ik am shahri ho nahin paya
isi bais mein hun amboh ki lazzat se be maya
magar tum ik do paya rast qamat ho ke dikhlana
suno rae dahinda ban hue tum baz mat ana
faqat zariwan ho tum yaani apna sabiqa chhoro
faqat zariwan ho tum yaani apna lahiqa chhoro
magar main kaun jo chahun tumhare bab mein kuchh bhi
bhala kyun ho mire ehsas ke asbab mein kuchh bhi
tumhara bap yaani main abas mein ik abas tar mein
magar main yaani jane kaun achchha mein sarasar mein
main kasa baz-o-kina saz-o-kasa tan hun kutta hun
main ik nangin bodash hun pe tum to sar munam ho
tumhara bap ruh alqudus tha tum ibn-e-maryam ho
ye qulqul tisra paig ab to chautha ho guman ye hai
guman ka mujh se koi khas rishta ho guman ye hai
guman ye hai ke main jo ja raha tha a raha hun main
magar main a raha kab hun payapai ja raha hun main
ye chautha paig hai un hun zalalat ki gai mujh se
zalalat ki gai mujh se khayanat ki gai mujh se
juzami ho gai wazah ki mahbub wawaila
magar us ka gila kya jab nahin aya koi ila
suno meri kahani par miyan meri kahani kya
main yaksar raegani hun hisab-e-raegani kya
bahut kuchh tha kabhi shayad par ab kuchh bhi nahin hun main
na apna ham nafas hun main na apna ham nashin hun main
kabhi ki bat hai fariyad mera wo kabhi yaani
nahin us ka koi matlab nahin us ke koi maani
main apne shahr ka sab se garami nam larka tha
main be hangam larka tha main sad hangam-e-larka tha
mire dam se ghazab hangama rahta tha mahlon mein
main hashr aghaz-e-larka tha main hashr anjam larka tha
mire hindu musalman sab mujhe sar par bithate the
unhi ke faiz se maani mujhe maani sikhate the
sukhan bahta chala ata hai be bais ke honton se
wo kuchh kahta chala ata hai be bais ke honton se
main ashraf-e-kamina kar ko thokar pe rakhta tha
so main mehnat kashon ki jutiyan mimbar pe rakhta tha
main shayad ab nahin hun wo magar ab bhi wahi hun main
ghazab hangama parwar khira sar ab bhi wahi hun main
magar mera tha ik tur aur bhi jo aur hi kuchh tha
magar mera tha ik dur aur bhi jo aur hi kuchh tha
main apne shahr-e-ilm-o-fan ka tha ik naujawan kahin
mire talmiz-e-ilm-o-fan mire baba ke the ham sun
mira baba mujhe khamosh awazen sunata tha
wo apne ap mein gum mujh ko par hali sikhata tha
wo haiat dan wo alam naf-e-shab mein chhat pe jata tha
rasad ka rishta sayyaron se rakhta tha nibhata tha
use khwahish thi shohrat ki na koi hirs-e-daulat thi
bare se qutr ki ik durbin us ki zarurat thi
miri man ki tamannaon ka qatil tha wo qulumma
miri man meri mahbuba qayamat ki hasina thi
sitam ye hai ye kahne se jhijakta tha wo fahhama
tha be had ishtial angez bad qismat o allama
khalaf us ke khazaf aur be nihayat na khalaf nikle
ham us ke sare bete intihai be sharaf nikle
main is alam tarin-e-dahr ki fikrat ka munkir tha
main fastai tha jahil tha aur mantiq ka mahir tha
par ab meri ye shohrat hai ke main bas ik sharabi hun
main apne dudman ilm ki khana kharabi hun
sagin-e-khuk zad-e-barzan-o-bazar bemaghza
miri janib ab apne thubare shahana karte hain
zina zade miri izzat bhi gustakhana karte hain
kamine sharm bhi ab mujh se be sharmana karte the
mujhe us sham hai apne labon par ik sukhan lana
ali darwesh tha tum us ko apna jid na batlana
wo sibtain-e-mohammad, jin ko jane kyun bahut arfaa
tum un ki dur ki nisbat se bhi yaksar makar jana
ke is nisbat se zahr-o-zakhm ko sahna zaruri hai
ajab ghairat se ghalatida bakhon rahna zaruri hai
wo shajara jo kannana fahar ghalib kaaab marra se
qissi-o-hashim-o-sheba abu talib tak ata tha
wo ik andoh tha tarikh ka andoh sozinda
wo namon ka darakht-e-zard tha aur us ki shakhon ko
kisi tannur ke hezam ki khakistar hi banna tha
use shola zada bodash ka ik bistar hi banna tha
hamara fakhr tha faqr aur danish apni punji thi
nasab namon ke ham ne kitne hi parcham lapete hain
mire ham shahr zariwan ik fusun hai nasl, ham donon
faqat adam ke bete hain faqat adam ke bete hain
main jab ausan apne khone lagta hun to hansta hun
main tum ko yad kar ke rone lagta hun to hansta hun
hamesha mein khuda hafiz hamesha mein khuda hafiz
khuda hafiz
khuda hafiz