میں رات سست عناصر سے تنگ آ گیا تھا

Osama Zakir (b. 1988)

میں رات سست عناصر سے تنگ آ گیا تھا

مری حیات فسردہ میں رنگ آ گیا تھا

نگاڑے پیٹے ہواؤں نے سرخ پہروں تک

گدھوں کا جھنڈ کبوتر کے سنگ آ گیا تھا

ستار بجنے لگے صبح کی مسہری پر

دھنک کا قافلۂ ہفت رنگ آ گیا تھا

فلک پہ رینگتے سورج زمین بوس ہوئے

وہ شہسوار شفق بہر جنگ آ گیا تھا

اندھیرے غار میں یہ کلکلاتی کھوپڑیاں

انہی کے دیکھے رعونت پہ زنگ آ گیا تھا

مرے جہان بلا صوت و حرف کے دوارے

نہ جانے کون لئے جل ترنگ آ گیا تھا