ترے فراق میں جب دل نڈھال ہوتا ہے

Dard Sironji

ترے فراق میں جب دل نڈھال ہوتا ہے

سکوں کی سانس بھی لینا محال ہوتا ہے

بچھڑ کے کوئی کسی سے کبھی نہیں مرتا

مگر جدائی کا سب کو ملال ہوتا ہے

تمہاری یاد میں گرتے ہیں میرے دامن پر

ان آنسوؤں کو چھپانا محال ہوتا ہے

نظر ملا کے جھکاتا ہے جب نظر کوئی

نہ پوچھو دوستو کیا دل کا حال ہوتا ہے

نہ کر غرور بلندی کا اے حقیر انساں

ہر ایک عروج کو اکثر زوال ہوتا ہے

کبھی وہ دیکھ لیں اے کاش درد دل کی کتاب

ہر ایک لفظ میں تیکھا سوال ہوتا ہے