کچھ خبر اے ہند والو ہے کہ تم ہو بے خبر

Vafa Barahi (1917–1993)

کچھ خبر اے ہند والو ہے کہ تم ہو بے خبر

کر رہا ہے ظلم ظالم قوم کے ہر فرد پر

یہ سراپا ظلم ہے بیداد کی تصویر ہے

پار ہے وہ سب کے دل سے جو کماں میں تیر ہے

بربریت اس کا شیوہ شیطنت ہے اس کا کام

چاہتا ہے عمر بھر رکھنا تمہیں اپنا غلام

اس کا پیشہ رہزنی ہے اس کا مسلک ہے ریا

اس کا مذہب اور کیا ہے اس کا مذہب ہے دغا

بیکس و مجبور دل پر رحم کچھ کھاتا نہیں

ظلم کب کرتا نہیں آزار کب ڈھاتا نہیں

ایسے ظالم سے ہمیشہ تم کو لڑنا چاہئے

پاؤں کے نیچے ستم گر کو رگڑنا چاہئے