ہمیشہ ماننا اے یار مشورہ دل کا

Dard Sironji

ہمیشہ ماننا اے یار مشورہ دل کا

کبھی غلط نہیں ہوتا ہے فیصلہ دل کا

بڑا عجیب ہے یارو معاملہ دل کا

غم و الم سے ہے دن رات واسطہ دل کا

علاوہ اس کے نہ ہمدم نہ کوئی رہبر ہے

ہجوم غم لئے پھرتا ہے قافلہ دل کا

کبھی خوشی سے کبھی غم میں کیوں دھڑکتا ہے

سمجھ میں کچھ نہیں آتا ہے فلسفہ دل کا

تمام جسم کے اعضا پہ حکمرانی ہے

خدا نے خوب بنایا ہے مرتبہ دل کا

ملیں تو ملنے کی رہتی ہے آرزو دل میں

الجھ رہا ہے کئی دن سے مسئلہ دل کا

تجھے بنائیں گے اپنا بنائیں گے اپنا

کوئی بدل نہیں سکتا ہے فیصلہ دل کا

اگر عزیز ہے تم کو سکون دل یارو

بنائے رکھنا حسینوں سے فاصلہ دل کا

غموں کا بوجھ مصائب ہوں یا پریشانی

کبھی نہ چھوڑنا اے دردؔ حوصلہ دل کا