غم کا طوفاں آئے گا میں نے کبھی سوچا نہ تھا

Dard Sironji

غم کا طوفاں آئے گا میں نے کبھی سوچا نہ تھا

سب ہی کچھ لے جائے گا میں نے کبھی سوچا نہ تھا

جس کو رکھا تھا ہمیشہ جان سے بڑھ کر عزیز

زخم دل دے جائے گا میں نے کبھی سوچا نہ تھا

مدتوں کے بعد اچانک اس طرح ملنا ترا

مجھ کو یوں تڑپائے گا میں نے کبھی سوچا نہ تھا

عیش و عشرت جاہ و منصب یہ حکومت کا غرور

خاک میں مل جائے گا میں نے کبھی سوچا نہ تھا

غم جدائی کا شب فرقت میں دل پر ہم نشیں

درد بن کر چھائے گا میں نے کبھی سوچا نہ تھا