ہر تمنا پوری کر دے جو ہمارے دل میں ہے

Dard Sironji

ہر تمنا پوری کر دے جو ہمارے دل میں ہے

آنے والے اب تو آ جا زندگی مشکل میں ہے

کس طرح بھولیں گے تجھ کو بھولنا ممکن نہیں

تیری یادوں کا دیا روشن ہمارے دل میں ہے

حسرت و امید کے اس بار شاید گل کھلیں

دیکھ وہ غنچہ دہن جان چمن محفل میں ہے

یوں تو کہنے کو اسے کہتی ہے دنیا بے گناہ

خون دل کا داغ لیکن دامن قاتل میں ہے

دیکھنا اے دردؔ ہو جائیں گے دل کتنے اسیر

زلف پیچاں آج وہ کھولے ہوئے محفل میں ہے