اے منڈیلا تری بے باک قیادت کو سلام
Rafeeq Jabir (b. 1931)اے منڈیلا تری بے باک قیادت کو سلام
سچ ہے انسان کی توقیر بڑھا دی تو نے
تا ابد یاد رہے گی یہ مثالی پیکار
قلعۂ ظلم کی بنیاد ہلا دی تو نے
یہ تری جہد مسلسل یہ ترا عزم صمیم
شمع طوفان حوادث میں جلا دی تو نے
آج ایفریقا کے سب پیر و جواں ہیں بیدار
قسمت خفتہ غلاموں کی جگا دی تو نے
زور بازو نے ترے آج بڑا کام کیا
گردن خواجگی پل بھر میں جھکا دی تو نے
جو تھی انسان پہ انساں کے ستم کی بنیاد
پست و بالا کی وہ تفریق مٹا دی تو نے
تو نے شاہیں سے ممولے کو لڑایا اے دوست
خاک میں ہیبت افرنگ ملا دی تو نے
اے مرے مرد مجاہد تری جرأت کے نثار
رنگ اور نسل کی دیوار گرا دی تو نے
دیکھ ہے وقت کی موجوں میں روانی تجھ سے
زندہ ہے عظمت انساں کی کہانی تجھ سے