چرا کر نظر اک نظر دیکھ لینا
Dard Sironjiچرا کر نظر اک نظر دیکھ لینا
محبت کا پھر تم اثر دیکھ لینا
تمہیں اپنے جلوؤں سے فرصت ملے تو
ہمیں بھی کبھی اک نظر دیکھ لینا
کسک دل میں تم کو بھی محسوس ہوگی
جو مارے ہیں تیر نظر دیکھ لینا
ڈبو دے گا اک دن سفینے کو تیرے
یہ حرص و ہوس کا بھنور دیکھ لینا
فضاؤں میں شہرت کی اڑنے سے پہلے
شکستہ نہ ہوں بال و پر دیکھ لینا
کہاں تک تڑپتا رہوں درد بن کر
کبھی آ کے زخم جگر دیکھ لینا