زندگی خار ہے گلاب بھی ہے
Kailash Guru Swami (b. 1948)زندگی خار ہے گلاب بھی ہے
زندگی زندگی ہے خواب بھی ہے
پیار گنگا کی طرح ہے لیکن
پیار صحراؤں کا سراب بھی ہے
کسی انسان کی مدد کے لئے
جھوٹ کا بولنا ثواب بھی ہے
مسکراہٹ تو دیکھ بچوں کی
اس سے بہتر کوئی کتاب بھی ہے
اس سیاہی پہ تو یقیں مت کر
اس اندھیرے میں آفتاب بھی ہے
چھو کے دل اس نے ہاتھ کو چوما
اس ادا کا کوئی جواب بھی ہے
بات سوامیؔ کی تلخ ہے پھر بھی
بات سوچو تو لا جواب بھی ہے