موسم بہت حسیں ہے فضا خوش گوار ہے

Laiq Siddiqi

موسم بہت حسیں ہے فضا خوش گوار ہے

ہر رنگ کو مزاج چمن سازگار ہے

کلیوں پہ ہے شباب گلوں پر نکھار ہے

یہ پندرہ اگست کا دن یادگار ہے

یہ دن ہمارے واسطے یوم نجات ہے

اب واقعی حیات ہماری حیات ہے

ہر اک میں بھائی چارہ ہے ہر اک میں پیار ہے

یہ پندرہ اگست کا دن یادگار ہے

باد نسیم امن کا پیغام لائی ہے

ہاتھوں پہ ایکتا کے بھرے جام لائی ہے

آزادیٔ وطن کا دلوں میں خمار ہے

یہ پندرہ اگست کا دن یادگار ہے

دیکھی جو ملک بھر میں ترنگے کی روشنی

سرخی چمک اٹھی ہے شہیدوں کے خون کی

جو پھول ہے چمن کی ادا پر نثار ہے

یہ پندرہ اگست کا دن یادگار ہے

آزاد آج ہم ہیں یہ ہر اک کو ہو یقین

بھارت میں ذات پات کے جھگڑے نہ ہوں کہیں

اس ساعت حسیں کا لئیقؔ انتظار ہے

یہ پندرہ اگست کا دن یادگار ہے