ہم کامیاب ہوں گے

Jafar Malihabadi (b. 1946)

ہم کامیاب ہوں گے

اور بے حساب ہوں گے

ہم کامیاب ہوں گے

موسم بہار کا ہے

نکھری ہوئی فضا ہے

بیدار حوصلہ ہے

پھولوں کا ذکر کیا ہے

تنکے بھی اس چمن کے

اک دن گلاب ہوں گے

ہم کامیاب ہوں گے

ہوں لاکھ تیز دھارے

پہونچیں گے ہم کنارے

کرتے ہیں یہ اشارے

بڑھتے قدم ہمارے

دیکھیں ہیں جو وطن نے

پورے وہ خواب ہوں گے

ہم کامیاب ہوں گے

نفرت مٹائیں گے ہم

الفت جگائیں گے ہم

روٹھے منائیں گے ہم

جینا سکھائیں گے ہم

انسانیت کے ہر سو

بجتے رباب ہوں گے

ہم کامیاب ہوں گے