کالے بادل
Hafeez Aatish (b. 1942)کالے بادل
کل سے اب تک برس رہے ہیں
اور وہ لڑکا
جو کاغذ کے گندے ٹکڑے
ادھر ادھر چنتا پھرتا ہے
پیٹ کی خاطر
سڑکوں پر گھوما کرتا ہے
شام کو ننگے فٹ پاتھوں پر
سو جاتا ہے
رستی ہوئی لاری کے نیچے
سکڑا ہوا اکڑوں بیٹھا ہے
اور کاغذ کے گیلے ٹکڑے
مایوسی سے دیکھ رہا ہے