پہلے اپنایا خار پھولوں کا

Aamir Ata (b. 1994)

پہلے اپنایا خار پھولوں کا

تب کہیں پایا پیار پھولوں کا

میں بھی گلشن سمیٹ لایا ہوں

اس نے مانگا تھا ہار پھولوں کا

یاد آتی ہے اس کی مت چھیڑو

ذکر یوں بار بار پھولوں کا

تجھ سے ملنے کے بعد یہ جانا

کون ہے دست کار پھولوں کا

پھیل جا بن کے خوشبو گلشن میں

چھین لے اختیار پھولوں کا

تیرے چھونے سے ہی تو چلتا ہے

آج کل روزگار پھولوں کا

دے کے اظہار عشق کرتے ہیں

اس سے سمجھو وقار پھولوں کا

جب سے عامر عطاؔ ہوا عاشق

چڑھ گیا ہے ادھار پھولوں کا