میرے اندر تعفن زدہ ایک لاش تھی
Ghayas Mateen (b. 1939)میرے اندر تعفن زدہ ایک لاش تھی
جسے
ایک ابدی گڑھے میں پھینک آنے والے کے نام
عین میم رے اور الف سے شروع ہوتے ہیں
آج میں
ایک ایسا ہرا بھرا درخت ہوں
جو پھل پھول تو دیتا ہے
سایہ نہیں
مجھے بھی کاندھا دینا ہے
ان لاشوں کو
جو موجود تو ہیں لیکن دکھائی نہیں دیتیں
میں اگر ایسا نہ کر سکا
تو میرے کتبے پر لکھوا دینا
یہاں ایک ایسا شخص دفن ہے
جس کے نام کے پہلے ہی حرف کے اعداد
سب سے زیادہ تھے
یعنی پورے ایک ہزار
لیکن وہ
ایک بھی نہ تھا