جہاں میں ہوں

Ghayas Mateen (b. 1939)

جہاں میں ہوں

وہاں

وقت

ایک اونچی پہاڑی پر چڑھ کر بیٹھ گیا ہے

اسے

میرے لفظ بھی

جو کشتی میں لدی ہوئی کتابوں کے

حکمراں ہیں

ابھی تک

نیچے نہیں اتار سکے

میرا دن

اپنے ہاتھ میں ایک لاٹھی لیے چل رہا ہے

رات

سورج کے ساتھ سوالوں کو

پورا کرنے کے لئے نکل گئی ہے

اور میں

نیند میں چلتا ہوا

اپنے آپ کو

آسمان میں دفن کر آتا ہوں

جاگتا ہوں تو پھر

خود کو زمین کے خول ہی میں پاتا ہوں

جب میرے لفظ

وقت کو

پہاڑی سے نیچے اتار لیں گے

میری جڑیں

سات سمندر تک پھیل جائیں گی

اور میں

اپنے ہی لفظوں سے

ایک ایسی سیڑھی بنا لوں گا

جو زمین سے آسمان تک پہنچتی ہے