ترا نشانہ ہوں میں تیر بن کے مجھ میں آ
Danish Asari (b. 1991)ترا نشانہ ہوں میں تیر بن کے مجھ میں آ
میں اک فریم ہوں تصویر بن کے مجھ میں آ
بہت دنوں سے خوشی کی تلاش میں ہوں میں
تو کوئی حادثہ دلگیر بن کے مجھ میں آ
میں کوششیں تو اگر چاہوں کر ہی سکتا ہوں
مری تمنا ہے تقدیر بن کے مجھ میں آ
مرا درون بھی پھینکا ہوا ہے یوسف سا
کسی طرف سے کوئی عیر بن کے مجھ میں آ
گزشتہ عہد میں رومان لکھ چکا ہوں بہت
تو رقص چھوڑ دے زنجیر بن کے مجھ میں آ
میں عشق کھیل کی شکلیں بدلنے والا ہوں
شکاری اب کے تو نخچیر بن کے مجھ میں آ
جوان کر اسی پنجاب کی روایت کو
چناب چڑھتا ہے تو ہیر بن کے مجھ میں آ
ثقیل لفظوں میں لکھتا ہوں میں غزل اکثر
میں سوداؔ بنتا ہوں تو میرؔ بن کے مجھ میں آ