کہیں ملتے ہوئے پربت گگن سے

Faisal Qadri Gunnauri (b. 1995)

کہیں ملتے ہوئے پربت گگن سے

کہیں ملتی ہوئی گنگا جمن سے

ہے ایسے ہی ہمیں الفت وطن سے

ہو رغبت جیسے بھنورے کو چمن سے

بدن میں ہے ہمارے اس کی مٹی

محبت ہے ہمیں اپنے وطن سے

نہ دل سے ختم ہو تیری محبت

اگرچہ سر جدا ہو جائے تن سے

کبھی بھی آزما لینا ہمیں تو

ہیں قرباں تجھ پہ تن من اور دھن سے

پھر آیا جشن آزادی کا موقع

سجے ہیں گھر گلی کوچے دلہن سے

ہمیں پیارا ہے اپنا ملک فیصلؔ

نہیں مطلب ہے کچھ لعل یمن سے