تری طلب کا سبب صرف خالی پن تو نہیں

Balmohan panday (b. 1998)

تری طلب کا سبب صرف خالی پن تو نہیں

کہ تجھ سے رابطہ میرا ضرورتاً تو نہیں

میں ڈھونڈھتا تھا شجر آسماں کے ہوتے ہوئے

ترے فراق میں تھا دو جہاں کے ہوتے ہوئے

جب آشنا تھی محبت کی ہر گلی مجھ سے

میں زندگی سے بہت خوش تھا زندگی مجھ سے

جب احترام کیا کرتی تھی صبا میرا

بہار کھوج لیا کرتی تھی پتہ میرا

جب آنسوؤں کو میسر ہزار شانے تھے

جب انتظار نہ کرنے کے سو بہانے تھے

تری امید سے دل بے قرار تب بھی تھا

یقین کر کہ ترا انتظار تب بھی تھا