یہی دعا ہے یہی آرزو دکھائی دے
Yasmeen Moomal (b. 1985)یہی دعا ہے یہی آرزو دکھائی دے
ہٹے یہ خاک مجھے خوب رو دکھائی دے
بنا کے رکھی ہے تصویر جو خیالوں میں
میں چاہتی ہوں کوئی ہو بہ ہو دکھائی دے
دھڑکتے دل سے سدا آ رہی ہے بس اتنی
میں آنکھ بند کروں اور تو دکھائی دے
یہی دعا ہے خدا سے فلک کے چاند کے بعد
زمیں کا چاند مجھے روبرو دکھائی دے
نہ کھیل پائے گا عزت سے کھیلنے والا
اگر بہن کی اسے آبرو دکھائی دے
نماز عشق ادا ہو نہیں سکی اب تک
طلوع شمس کی کچھ جستجو دکھائی دے
دعا یہ کرتی ہی رہتی ہوں یاسمیںؔ ہر دم
جسے میں چاہوں وہی کو بہ کو دکھائی دے