خود اپنے ہی ہاتھوں کا لکھا کاٹ رہا ہوں
Munawwar Ranaخود اپنے ہی ہاتھوں کا لکھا کاٹ رہا ہوں
لے دیکھ لے دنیا میں پتا کاٹ رہا ہوں
یہ بات مجھے دیر سے معلوم ہوئی ہے
زنداں ہے یہ دنیا میں سزا کاٹ رہا ہوں
دنیا مرے سجدے کو عبادت نہ سمجھنا
پیشانی پہ قسمت کا لکھا کاٹ رہا ہوں
اب آپ کی مرضی ہے اسے جو بھی سمجھئے
لیکن میں اشارے سے ہوا کاٹ رہا ہوں
تو نے جو سزا دی تھی جوانی کے دنوں میں
میں عمر کی چوکھٹ پہ کھڑا کاٹ رہا ہوں