عشق ہے تو عشق کا اظہار ہونا چاہئے

Munawwar Rana

عشق ہے تو عشق کا اظہار ہونا چاہئے

آپ کو چہرے سے بھی بیمار ہونا چاہئے

آپ دریا ہیں تو پھر اس وقت ہم خطرے میں ہیں

آپ کشتی ہیں تو ہم کو پار ہونا چاہئے

ایرے غیرے لوگ بھی پڑھنے لگے ہیں ان دنوں

آپ کو عورت نہیں اخبار ہونا چاہئے

زندگی تو کب تلک در در پھرائے گی ہمیں

ٹوٹا پھوٹا ہی سہی گھر بار ہونا چاہئے

اپنی یادوں سے کہو اک دن کی چھٹی دے مجھے

عشق کے حصے میں بھی اتوار ہونا چاہئے