چلو بھیا تم کو بناؤں میں گھوڑا

Lateef Farooqi

چلو بھیا تم کو بناؤں میں گھوڑا

بنوگے جو گھوڑا تو ماروں گی کوڑا

نہ آئے گی لیکن ذرا چوٹ تم کو

سلا دوں گی پیارا سا اک کوٹ تم کو

چلو گے شپا شپ تو دوں گی میں چارا

رکو گے تو کھاؤ گے چانٹا کرارا

یہ چانٹا نہ ہوگا مگر مار کوئی

سمجھ لو کہ جیسے کرے پیار کوئی

تمہارے لیے میں نے گاڑی بنائی

ہر اک شے قرینے سے اس میں لگائی

پڑا ہے جو کپڑوں کا صندوق اس میں

ڈرانے کو رکھ لی ہے بندوق اس میں

اور اک ننھی چھتری بھی رکھ لی ہے میں نے

کڑی دھوپ کے خوف سے مینہ کے ڈر سے

کہ شاید جھکے ابر بوندیں گرانے

تو بچ جاؤں بارش سے چھتری لگا کے

تمہیں کیا ضرورت کہ ہو تم تو گھوڑا

چلو اب جتو ورنہ ماروں گی کوڑا

جو مانو گے کہنا تو لے دوں گی لٹو

نہیں تو ہو تم آج سے میرے ٹٹو