تم وقت سحر روزن دیوار میں دیکھو
Qaisar Abbasتم وقت سحر روزن دیوار میں دیکھو
لالی سی کہیں صبح کے آثار میں دیکھو
ہر جنس کی قیمت ہے مرے سر سے زیادہ
رک کر تو کبھی کوچہ و بازار میں دیکھو
تھک ہار کے سیکھے ہیں مسافت کے قرینے
اک تازہ سفر سایۂ دیوار میں دیکھو
یہ اطلس و کمخواب مرا اصل نہیں ہیں
ملنا ہو تو مجھ کو مرے پندار میں دیکھو
اب جرم ہے ہمسائے کا ہمسائے سے ملنا
یہ تازہ خبر آج کے اخبار میں دیکھو
میں نیند میں چلتا ہوا کھو جاؤں نہ قیصرؔ
آہٹ مرے قدموں کی شب تار میں دیکھو