جنوں کی زندگی ناکام کیوں ہے

Zafar Adil Quraishi (b. 1948)

جنوں کی زندگی ناکام کیوں ہے

وفا کا بے وفائی نام کیوں ہے

سمجھ میں یہ معمہ کیوں نہ آیا

کہ مجھ سے دور تر آرام کیوں ہے

نہیں ہے حسن کی کوئی خطا کیا

ہمیں پر حسن کا الزام کیوں ہے

سکوں حاصل نہیں انسانیت کو

جہاں میں اس قدر کہرام کیوں ہے

چمن کی آبرو کہتے تھے جس کو

پرندہ اب وہ زیر دام کیوں ہے

ابھی آغاز ہے الفت کا یارو

نظر کے سامنے انجام کیوں ہے

انہیں حاصل ہے عادلؔ صبح عشرت

مقدر میں مرے ہی شام کیوں ہے