جو ہم پر ہوا ہے کرم دیکھنا

Zafar Adil Quraishi (b. 1948)

جو ہم پر ہوا ہے کرم دیکھنا

وہ ڈھائے گا کیا کیا ستم دیکھنا

میسر کہاں ہیں تن آسانیاں

مقدر میں لکھا ہے غم دیکھنا

ستم میرے دل پر کرم غیر پر

ذرا ان کا طرز عمل دیکھنا

خدا جانے یہ کیا مقام آ گیا

کہ مشکل ہے نقش قدم دیکھنا

یہی ماحصل ہے غم عشق کا

کہ اپنی ہی آنکھوں کو نم دیکھنا

اسے رنگ دنیا سے کیا واسطہ

جو چاہے نہ جاہ و حشم دیکھنا

جو کہتے ہیں عادلؔ کہ سب کچھ ہیں ہم

تو ان کو خدا کی قسم دیکھنا