منہ چھپائے ہوئے بھٹکے گی ہوا میرے بعد

Yaqoob Saqi

منہ چھپائے ہوئے بھٹکے گی ہوا میرے بعد

ساز ہو جائے گی صحرا کی صدا میرے بعد

صاف آتے ہیں نظر جس میں سبھی کے چہرے

آئنے پر نہ رہے گی وہ جلا میرے بعد

بے لباسی ہی مقدر تھا مگر ہم نفسو

تن چھپانے کو ملی تم کو ردا میرے بعد

میرے الفاظ کو تعویذ بنا کر رکھ لو

ورنہ اٹھ جائے گی دنیا سے وفا میرے بعد

ساقیؔ اس آس پہ کچھ کہنے کی ہمت کی ہے

کاش دہرائے کوئی میرا کہا میرے بعد