اے خدا ضبط کے زنداں میں کوئی در کر دے
Zafar Ibn-e-Mateenاے خدا ضبط کے زنداں میں کوئی در کر دے
یا اسے موم بنا یا مجھے پتھر کر دے
پر کئے ہیں جو عطا طاقت پرواز بھی دے
یا تو میں کھل کے اڑوں یا مجھے بے پر کر دے
سازشیں کرتے ہیں کیوں اپنے گھرانے والے
گھر دیا ہے تو مرے گھر کو مرا گھر کر دے
مجھ سے یہ کرب کا عالم نہیں دیکھا جاتا
حافظہ چھین لے آنکھیں مری پتھر کر دے
مرے حصے کا سکوں بانٹ دے انسانوں میں
درد سر سارے زمانے کا مرے سر کر دے
مجھ کو انسان اتارا ہے تو انسان بنا
بے زری میرا مقدر ہے تو بو زر کر دے