یہ کیسا دل ہے کیسی دل لگی ہے

Umr Daraz Hashir (b. 1990)

یہ کیسا دل ہے کیسی دل لگی ہے

ترے ہوتے ہوئے بھی کچھ کمی ہے

مرے اندر بپا ہے شور اتنا

مرے اطراف جتنی خامشی ہے

میں تیری جستجو میں اب وہاں ہوں

اندھیرا ہے جہاں نہ روشنی ہے

وہ کل شب خواب میں آئی ہوئی تھی

مری آنکھوں سے خوشبو آ رہی ہے

نظر رکھی ہوئی ہے تو نے مجھ پر

خدا ہے تو یا کوئی آدمی ہے

میں نا فرمان ہوں تو کیا برا ہے

کہ یہ بھی تو جواز بندگی ہے

مرے چہرے پہ زخموں کے نشاں ہیں

مرے چہرے پہ کتنی تازگی ہے

ہوا بھی ہے بدن بھی ٹوٹتا ہے

مگر ماچس میں تیلی آخری ہے

میں ساری منزلیں طے کر چکا ہوں

مری قسمت میں اب آوارگی ہے