غم ہے یا پھر یہ غم شناسی ہے

Umr Daraz Hashir (b. 1990)

غم ہے یا پھر یہ غم شناسی ہے

میرے اندر بہت اداسی ہے

بانجھ منظر بھی دیکھ کر خوش ہوں

جانے کیسی یہ بد حواسی ہے

خامشی کا طویل جنگل ہے

اور کہیں دور اک صدا سی ہے

اور کچھ دیر میں نہیں ہوگی

مجھ پہ جو تازگی ذرا سی ہے

میں بھی بندوں سے پیار کرتا ہوں

اک صفت مجھ میں یہ خدا سی ہے

نظم غزلیں فسانے لکھنا بھی

ایک طرح کی بے لباسی ہے